اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):آسیان کی پولو ٹیم نے اتوار کو یہاں فائنل میں پاکستان ایئر فورس کی ٹیم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پریذیڈنٹ باڈی گارڈ پولو کپ 2023 کی ٹرافی جیت لی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے تقسیم انعامات کی تقریب میں آسیان ٹیم کو فاتح ٹرافی دی۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے بھی سنسنی خیز میچ دیکھا۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیم آسیان نے پاکستان ایئر فورس کی ٹیم کو 7-4 1/2 کے مارجن سے آؤٹ کلاس کر کے اسلام آباد پولو کلب میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ جیت لیا۔
پاکستان ایئر فورس کی ٹیم نےکھیل کے ابتدائی حصے میں برتری حاصل کی اور کھیل کے پہلے ہی منٹ میں ابتدائی گول کرنے میں کامیاب رہی۔ بعد ازاں ٹیم آسیان نے میچ میں واپسی کی اور اس کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخر کار مخالف ٹیم کو پیچھے چھوڑ دیا اور آخری سیٹی بجنے تک اپنی برتری برقرار رکھی۔اسلام آباد کلب کے ممبران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمان میچ سے لطف اندوز ہوئے اور پولو کھیلنے کی مہارت کے شاندار مظاہرہ پر دونوں ٹیموں کو داد دی۔ میچ کے دوسرے چکر کے بعد گھوڑوں پر سوار صدر کے باڈی گارڈ نے ایک میوزیکل سواری کا مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے گھڑ سواری کی مہارت اور بے مثال مشقوں کا مظاہرہ کیا۔
The news is published by EMEA Tribune & Associated Press of Pakistan