پاکستان کے مشرقی شہرلاہور میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے ایک مقامی سکھ سردار کو قتل کردیا ہے۔
لاہورکے علاقے نواب ٹاؤن میں ہفتے کے روزموٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے سردار سنگھ نامی شخص کو گولی ماردی۔پولیس نے بتایا کہ حملے کے وقت وہ اپنے محافظ کے ساتھ صبح کے وقت چہل قدمی کر رہے تھے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ایک گولی سردارسنگھ کے سرمیں لگی تھی اوروہ جان لیوا ثابت ہوئی۔قاتلانہ حملے میں ان کا محافظ زخمی ہوگیا ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد پروقفے وقفے سے اس طرح کے مہلک حملے ہوتے رہتے ہیں حالانکہ ملک کا آئین انھیں مساوی حقوق اوراپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
گذشتہ ماہ شمال مغربی شہر پشاور میں مسلح افراد نے ایک پاکستانی سکھ تاجر اور صفائی پرمامورایک عیسائی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ملک کے سب سے بڑے شہرکراچی میں بھی ایک معروف ہندو ڈاکٹر اور آنکھوں کے سرجن کو گولی مارکرہلاک کردیا گیا تھا۔