لندن۔7مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان کے برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور فنی تعلیم کے منصوبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کریں گے، بہت جلد سرمایہ کاری کانفرنس بلائیں گے جس میں سکاٹ لینڈ کے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے اور روڈ شو کا اہتمام ہوگا جس میں پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبہ کی صلاحیتوں کے بارے میں سکاٹ لینڈ کے سرمایہ کاروں کو آگاہی فراہم کی جائے گی، عمران نیازی نے میرے خلاف جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی، اس میں پاکستان سرخرو ہوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر پاکستانی نژاد حمزہ یوسف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حمزہ یوسف سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر منتخب ہوئے ہیں، وہ انتہائی باصلاحیت نوجوان ہیں، انہیں کامیابی کی مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد سکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں سکاٹش سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ روڈ شوز کے انعقاد کے ذریعے پاکستان میں متبادل تونائی کے شعبے کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں 70 سے 80 ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور تکنیکی تعلیم وغیرہ کے شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ اور استحکام کیلئے مل کر اقدامات کریں گے۔ اس کے علاوہ آبی وسائل، شمسی توانائی اور ونڈ انرجی کے شعبوں میں سکاٹ لینڈ کی مہارتوں سے استفادہ کرنے کیلئے کام کریں گے تاکہ ان شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے میرے خلاف جھوٹا بیانیہ تیار کیا اور ہر حربہ استعمال کیا لیکن اس میں عمران نیازی کو ناکامی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے نہیں پاکستان کے عوام کو سرخرو کیا۔ میرے خلاف بدنیتی سے جھوٹا کیس بنایا گیا تھا جس کی دو سال تک دنیا کے کونے کونے میں تحقیق کی گئی، سوئٹزرلینڈ اور دبئی میں تحقیق کی گئی جس کے بعد مجھے کلین چٹ ملی جو اللہ تعالی کا کرم ہے اور پاکستان سرخرو ہوا،
عمران نیازی نے پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور پیسہ بھی لگایا اور وقت کا بھی نقصان ہوا لیکن اس جھوٹے بیانیہ میں پاکستان سرخرو ہوا ہے اور اس میں میری عزت بڑھی ہے۔ عمران نیازی کا جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے وہ سر سے پائوں تک جھوٹا، مکار اور محسن کش آدمی ہے، انشاء اللہ اس کی ضرور اللہ کے ہاں پکڑ ہوگی۔
The news is published by EMEA Tribune & Associated Press of Pakistan